عملیات میں نقصان کے اسباب

عملیات میں نقصان کے اسباب


(علامہ افتخار الحسن رضوی )

آپ نے ایک لفظ سنا ہو گا ٌرجعتٌ۔ کئی عاملین اور عملیات کے طالب حضرات اس کا شکار ہو جاتے ہیں۔ لغت کے ماہرین کے نزدیک رجعت کی مختلف تعریفات ہو سکتی ہیں لیکن عملیات کی دنیا میں رجعت سے مراد کسی عمل کا منفی رد عمل ہے جس کے نتیجے میں عامل بیماری کا شکار بھی ہو سکتا ہے اور روحانی اعتبار سے ساری عمر کے لیے ناکارہ بھی ہو سکتا ہے۔

رجعت کی متعدد وجوہات ہیں جن میں چند اہم وجوہات درج ذیل ہیں؛

  • مسائل طہارت کا شرعی علم نہ ہونا جس کی وجہ سے غسل اور وضو ٹھیک نہیں ہوتا۔
  • کسی استاذ عامل یا مرشد کی اجازت کے بغیر ایسے وظائف و عملیات کرنا جن میں اجازت ضروری ہو، جیسے عداوت، حب، سحر، جنات وغیرہ کے عملیات۔ تاہم ماثورہ دعاؤں اور قرآنی آیات میں عموما ایسی اجازت کی ضرورت نہیں ہوتی۔
  • عربی مخارج و تجوید کا علم نہ ہونا۔ جیسے ح اور ھ ، ذ اور ز، ط اور ت، ص اور س، د اور ض، ء اور ع ، غ اور گ وغیرہ کا فرق معلوم نہ ہونا۔ مثال کے طور پر یا مغنی کا وظیفہ کرتے وقت ہندوستانی اور پاکستانی عاملین یا مگنی یعنی غ کو گ پڑھنا جس سے شدید نقصان ہو سکتا ہے۔
  • کتب سے دیکھ کر یا کسی سے سن کر بلا یقین و ضرورت عمل کرنا، جیسا کہ بازاروں میں سینکڑوں کتب دستیاب ہوتی ہیں اور شوقین حضرات جوش میں آکر عملیات شروع کر دیتے ہیں جب کہ وہ اس کی شرائط پر عمل پیرا نہیں ہوتے۔
  • کسی ناجائز مقصد کے لیے عملیات کرنا، مثلا کسی کے گھر کی بربادی، جدائی ڈالنا،   کسی مومن کو بلا عذر شرعی تکلیف پہنچانا۔
  • جادو کرنے والا   ہمیشہ حدود شریعت سے تجاوز کرتا ہے، اور سفلی کرنے والا تو یقینا حرامکاری کرتا ہے، حتٰی کہ وہ اپنے لیے حرام رشتوں کے ساتھ زنا و بدکاری کا مرتکب بھی ہوتا ہے اور گندگی کھا کر سفلی عمل کرتا ہے، جس کے حرام ہونے میں شک کرنا بھی کفر ہے اور ایسے فعل کے مرتکب شخص کی سزا موت ہے۔
  • عملیات میں شغف رکھنے والوں کو چاہیے سب سے پہلی باطنی طہارت کا اہتمام کریں، اپنا حصار مضبوط کریں، ذاتی تحفظ مقدم رکھیں، اور عوامی سطح پر عملیات کرنے سے قبل رجعت اور ذاتی نقصان سے بچاؤ کے وظائف مکمل کریں۔
  • رجعت اور نقصان سے بچنے کے لیے سب سے پہلے فرائض کی پابندی کے ساتھ درود و سلام کی کثرت کریں، ہر وقت باوضو رہیں، جھوٹ نہ بولیں اور حرام نہ کھائیں۔ اس سلسلہ میں عاملین کے ہاں مختلف وظائف رائج ہیں، مثلا   سورہ فاتحہ، آیۃ الکرسی، چہار قل، سات سلام، تیسرا کلمہ ، دعا جامع المطلوب و دافع الکروب، اور ناد علی وغیرہ وغیرہ۔
  • رجعت اور نقصان کی ایک بڑی وجہ کوئی عمل مکمل کر لینے کے بعد اسے چھوڑ دینا بھی ہے، جو عمل کریں وہ تاحیات جاری رکھیں، خواہ یک بار روزانہ۔

اللہ تعالٰی ہمیں شریعت مطہرہ کی پابندی کرتے ہوئے اعمال خیر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

اپنی رائے دیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *